ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک میں بی جے پی کی ہوا نہیں بلکہ آندھی چل رہی ہے: نریندر مودی

کرناٹک میں بی جے پی کی ہوا نہیں بلکہ آندھی چل رہی ہے: نریندر مودی

Wed, 02 May 2018 12:12:25    S.O. News Service

نئی دہلی، یکم مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس پر نسل پرستی کی سیاست کرنے اور ملک کو گمراہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کانگریس صدر راہل گاندھی کو چیلنج کیا کہ وہ 15 منٹ تک کرناٹک حکومت کی کامیابیوں کو بتائیں۔ وزیر اعظم نے راہل گاندھی پر جم کرحملہ کیا اور کہا کہ وہ نامدار ہیں اور انہیں کامداروں کی محنت پر بھروسہ نہیں ہے۔ وہ نسل پرستی کی سیاست سے آکر نئے نئے کانگریس صدر بنے ہیں۔ لہٰذا صدر بننے کے بعد انتہائی جوش میں عزت و وقارسے کھلواڑ کر رہے ہیں۔

نریندر مودی نے جنوبی کرناٹک کے کامراج نگر میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کرناٹک کے عوام سے کانگریس کو ہٹا کر بھارتیہ جنتا پارٹی کو ریاست کا اقتدار سونپنے کا اعلان کیا اور وعدہ کیا کہ بی جے پی کرناٹک میں سب کو گڈ گورننس دے گی اور بدعنوانی سے نجات دلائے گی۔

انہوں نے کانگریس پر بدعنوانی اور ملک کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ اس وقت کانگریس صدر سونیا گاندھی کی ہدایات میں اس وقت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ نے 2009 تک ہر گاؤں کو بجلی پہنچانے کا وعدہ کیا تھا لیکن یہ کام گزشتہ 28 اپریل کو ان کی حکومت نے پورا کیا ہے۔ انہوں نے اسے کانگریس کا گمراہ کرنے والا وعدہ بتایا اور پوچھا کہ کیوں کانگریس حکومت نے یہ کام مکمل نہیں کیا۔

مودی نے کہا کہ کانگریس اٹکانے، بھٹکانے اور بدعنوانی کی سیاست کرتی ہے۔اس پارٹی کو ترقی کی سیاست کرنی نہیں آتی لہٰذا گزشتہ 70 سال میں ملک کی ترقی نامکمل ہے۔ انہوں نے کرناٹک کو ترقی کے راستے پر آگے بڑھنے اور کرناٹک کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچانے کے لئے بی جے پی کو ووٹ دینے کی اپیل کی اور کہا کہ ترقی کی سیاست صرف بی جے پی کرتی ہے لہذا بی جے پی کو ریاست کا اقتدار سونپیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ملک اور کرناٹک کی ترقی کا بیڑا اٹھایا ہے۔ اقتدار میں آنے کے بعد انہوں نے باقی بچے 18000 گاؤں میں بجلی پہنچانے کا بیڑا اٹھایا تھا اور آزادی کے بعد پہلی بار ملک کے آخری گاؤں میں بجلی پہنچانے کا کام ان کی حکومت نے پورا کر دیا ہے۔ یہ کام 28 اپریل کو منی پور میں ہوا ہے اور 28 اپریل 2018 کی تاریخ، تاریخ کے باب میں درج ہو گیا ہے۔ اب ان کا ہدف ہر گھر تک بجلی پہنچانا ہے اور یہ کام بھی ان کی حکومت وقت پر مکمل کر لے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ راہل گاندھی مدار ہیں اس لئے کامدار کی پرواہ نہیں کرتے۔ وہ جوش میں اقدار کی خلاف ورزی تو کر جاتے ہیں لیکن کامداروں کے لئے ان کے دل میں جگہ نہیں ہے۔ کامداروں کی محنت اور ان کی زبان نسل پرستی کی سیاست سے صدر بنے گاندھی کی سمجھ میں نہیں آتی۔ انتخابی ریلی میں بھیڑ کو دیکھتے ہوئے مودی نے کہا کہ اب تک ان کو یہی سنائی دے رہا تھا کہ کرناٹک میں بی جے پی کی ہوا چل رہی ہے لیکن یہاں آکر انہیں لگ گیا ہے کہ ہوا نہیں بلکہ آندھی چل رہی ہے۔ وزیر اعظم کرناٹک میں اگلے آٹھ دن تک مسلسل انتخابی مہم چلائیں گے۔


Share: